9 نومبر، 2026، 12:13 PM

پاکستان یمن جنگ کا فریق بننے کے بجائے ثالثی کرے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

پاکستان یمن جنگ کا فریق بننے کے بجائے ثالثی کرے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

پاکستانی سینیٹر نے کہا کہ 2015ء کی پارلیمانی قرارداد سے انحراف قومی مفادات کے منافی ہوگا؛ ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جارحیت اور فلسطین و یمن کے مظلوم عوام پر مظالم قابلِ مذمت ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’’شہدائے مقاومت و تجدید عہد کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ اور قائد حزب اختلاف سینیٹ، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ پاکستان کو یمن جنگ کا فریق بننے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ 2015ء میں پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد کے تحت پاکستان نے یمن تنازعے کا حصہ نہ بننے اور وہاں اپنی فوج نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے سے انحراف قومی مفادات، ملکی خودمختاری اور عوامی امنگوں کے منافی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یمن کی جانب سے پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش موجود ہے۔ میں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر اس معاملے کی حساسیت سے آگاہ کیا ہے۔ وزیر خارجہ سے بھی سوال کیا کہ جب ہم خود اس تنازعے میں ایک فریق بنتے دکھائی دے رہے ہیں تو پھر ثالثی کیسے کر سکتے ہیں؟ پاکستان کو کسی مسلمان ملک کے خلاف جنگ کا حصہ بنانے کے بجائے جنگ بندی، مذاکرات اور قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ آخر کس کی اجازت سے پاکستان کو اس تنازعے میں فریق بنایا جا رہا ہے؟ حکومت کو چاہیے کہ پاکستان کو اس دلدل سے باہر نکالے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یمن کے عوام کو فلسطین کے مظلوموں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔ یمن نے غزہ کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیلی مفادات کو چیلنج کیا۔ ہم یمن کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں، خواہ ان میں کوئی بھی طاقت ملوث ہو۔ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی کسی دوسری ریاست کے مفادات کے تابع نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملوں اور رہبرِ شہید کی شہادت کے ذریعے یہ سمجھا گیا کہ قیادت کو نشانہ بنا کر ایرانی قوم کو خوف زدہ اور چند گھنٹوں میں سرنڈر کرنے پر مجبور کیا جا سکے گا، لیکن یہ اندازہ غلط ثابت ہوا۔ تاریخ گواہ ہے کہ بڑی بڑی سلطنتیں اپنی غلط حکمت عملی، تکبر اور غلط اندازوں کے باعث زوال پذیر ہوئی ہیں۔ ایران نے غیرت، شجاعت، حکمت اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور خطے میں اسرائیلی بالادستی کے خلاف مزاحمت ایک اصولی مؤقف ہے۔

قائد حزب اختلاف سینیٹ پاکستان نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے خطے کا سیاسی و جغرافیائی نقشہ تبدیل کرنے، ممالک کو تقسیم کرنے اور مزاحمتی قوتوں کو ختم کرنے کے منصوبے خطے کے امن کے لیے خطرناک ہیں۔ یہ جنگ صرف ایران کا معاملہ نہیں بلکہ پورے خطے کے مستقبل، مسئلہ فلسطین اور امتِ مسلمہ کے اجتماعی مفادات سے جڑی ہوئی ہے۔ پاکستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں آزادانہ فیصلے کرنے چاہئیں، نہ کہ عالمی طاقتوں کی خوشنودی کے لیے اپنی قومی خودمختاری اور وقار کو داؤ پر لگانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے عالمی طاقتوں کی خوشامد اور چاپلوسی کو سفارت کاری سمجھ لیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے حکمرانوں کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے غیر ضروری تعریفیں اور امن کے نوبل انعام کے لیے نامزدگی جیسے اقدامات قومی وقار کے منافی ہیں۔ دنیا میں عزت سر جھکانے سے نہیں بلکہ خودداری، اصولی مؤقف اور قومی مفادات کے تحفظ سے حاصل ہوتی ہے۔

News ID 1942713

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha